اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سپریم کورٹ پاکستان کی جانب سے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی نااہلی پر اپنے خیالات کا اظہار کچھ یوں کیا ہے؛
اپنے بیان میں جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ نواز شریف کی فریب کاری، جھوٹ اور بددیانتی کے خلاف سپریم کورٹ کے جرأت مندانہ فیصلے نے ملک میں حق و انصاف کا بول بالا کر دیا ہے، پانامہ کیس قدرت کی طرف سے نواز حکومت کی پکڑ ہے۔
جے یو آئی (ف) سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ بدقسمتی سے پہلی بار ملک جب اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کیلئے سی پیک جیسے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے پر کام شروع کر رہا ہے، عین اسی وقت اسے سیاسی بحران کا شکار بنا دیا گیا ہے۔
تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کی معیشت اور معاشرت کو خلاف اسلام اصولوں پر اُستوار کیا، اُنہوں نے علی الاعلان کہا کہ پاکستان کا مستقبل لبرل ازم سے وابستہ ہے، یہ دین اسلام سے غداری تھی، اللہ تعالیٰ نے اس غداری کی سزا میں اُنہیں دنیا میں رسوا کیا ہے۔
میانوالی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عبدالوہاب نیازی کا کہنا تھا کہ جدوجہد ابھی رکی نہیں ہے، بلکہ پاناما میں شامل باقی افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کرپشن کے خاتمے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔
ایک بیان میں جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر مولانا حسین مسعودی نے کہا کہ اب عوام بہتر دور کی امید کر رہے ہیں، جس کے لئے فوج، عدلیہ اور عوام الناس کے تمام طبقے مل کر جدوجہد کریں، کوشش کی جائے کہ ملک میں امن قائم ہو، عوام خوشحال ہو اور ہر طرف اچھے دور کا آغاز ہوسکے۔
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی کا کہنا تھا کہ ظالم مافیا کیخلاف عوام کو بیدار ہونا ہوگا، عدلیہ نے تاریخی فیصلہ کرکے ثابت کر دیا کہ اب قانون سے زیادہ کوئی بھی طاقتور نہیں، ہمارے سینکٹروں شہداء کے لہو پنجاب حکومت پر قرض ہے، نواز شریف کے اتحادی ملک دشمنوں کے آلہ کار ہیں، وہ آل شریف کی بادشاہت بچانے اور اپنے سیاہ کرتوں پر پردہ ڈالنے کیلئے نواز شریف کیساتھ ہیں، ان سب کے تانے بانے انڈیا سے ملتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲